Monday 30 March 2015

سینے پر ہاتھ باندھ کر نماز پڑھنا صحیح ہے یا نہیں؟ ؟ ؟ چار امام کا کیا تصور ہے؟ ؟ ؟ یہ فقہ کہلاتے ہیں یا فرقہ، مسلک؟ ؟ ؟ فقہ حنفی صحیح ہے یا فقہ حنبلی؟ ؟ ؟

سوال :
میں نے آپ کی ویب سائٹ پر ایک فتوی (۶۳۰/ج) پڑھا ہے، یہ مجھے کچھ سمجھ میں نہیں آیا۔ میں اس حوالے سے کچھ سوال کرنا چاہتا ہوں۔
(1) سینے پر ہاتھ باندھ کر نماز پڑھنا صحیح ہے یا نہیں؟
(2) چار امام کا کیا تصور ہے؟
(3) یہ فقہ کہلاتے ہیں یا فرقہ، مسلک؟
(4) فقہ حنفی صحیح ہے یا فقہ حنبلی؟ سعودی عرب میں کون سا فقہ چلتا ہے؟ اور وہ لوگ بھی سینے پر ہاتھ باند ھ کر نماز پڑھتے ہیں، وہ صحیح ہیں یا نہیں؟بریلوی کہتے ہیں کہ وہ لوگ صحیح نہیں ہیں ، وہ وہابی ہیں ، اگر وہ صحیح نہیں ہیں تو پھر خانہٴ کعبہ کی امامت کسی غلط امام کے ہاتھ میں ہوسکتی ہے؟

  Answer: 997 (فتوى:  745/ج = 745/ج) 
(1) نماز میں حالت قیام میں ہاتھ باندھنے نہ باندھنے میں اختلاف ہے، مالکیہ ارسال کرتے ہیں، باقی تین ائمہ وضع کے قائل ہیں اور اسی کو سنت کہتے ہیں، پھر حنفیہ ناف کے نیچے ہاتھ باندھنے کو افضل کہتے ہیں، شوافع ناف سے اوپر اور سینہ کے نیچے ہاتھ باندھنے کو افضل کہتے ہیں۔ اور امام احمد رحمہ اللہ سے دو روایتیں ہیں، ناف سے نیچے ہاتھ باندھنا افضل ہے اور ناف کے اوپر سینہ کے نیچے ہاتھ باندھنا افضل ہے، دونوں قول ہیں۔ اور حنابلہ عام طور پر شوافع کے موافق عمل کرتے ہیں، غرض چاروں ائمہ متفق ہیں کہ سینہ پر ہاتھ باندھنا صحیح نہیں ہے، یہ رائے صرف غیرمقلدین کی ہے جو اجماع کا انکار کرنے کی وجہ سے گمراہ فرقہ ہے، ویسے نماز بہرصورت ہوجاتی ہے، اگر ہاتھ نہ باندھے تو بھی نماز ہوجاتی ہے۔

(2) اماموں کا تصور صرف اس قدر ہے کہ وہ قرآن وحدیث کے شارح ہیں، اصول کی روشنی میں نصوص کا جو مطلب ائمہ سمجھتے ہیں وہ بیان کرتے ہیں، اس میں کبھی اختلاف بھی ہوجاتا ہے، اسی طرح استنباطی مسائل میں بھی کبھی اختلاف ہوجاتا ہے، پس جس شخص کو جس امام سے عقیدت ہے اس کو اسی کی پیروی کرنی چاہیے، تقلید میں تلفیق حرام ہے۔

(3) چار فقہیں چار فرقے نہیں ہیں، بلکہ مسلک ہیں، یعنی دین پر عمل کی راہیں ہیں۔

(4) چاروں فقہیں صحیح ہیں اور سعودی عرب میں چاروں فقہوں پر عمل کرنے والے لوگ موجود ہیں، حرم کے ائمہ حنبلی ہیں اور وہ اپنے مسلک پر عمل کرتے ہیں۔ اور حرم کے ائمہ اور وہاں کے لوگوں کے بارے میں بریلوی جو کچھ کہتے ہیں وہ ان کی جہالت کی باتیں ہیں۔ 

واللہ تعالیٰ اعلم

0 تبصرے comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔